خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں دیوالی کی آتشبازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے اثرات پاکستانی پنجاب کے مختلف شہروں میں نظر آنے لگے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا۔
فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور شہر میں سموگ کی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقوں گلبرگ ٹو میں زیادہ فضائی آلودگی 639 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، سید مراتب علی روڈ کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 475 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں اے کیو آئی 470 تک جا پہنچا، برکی روڈ میں 370، علامہ اقبال ٹاؤن میں زیادہ سے زیادہ فضائی آلودگی 342 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ گیا۔
اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں کی فضا بھی انتہائی مضر صحت ہے، ملتان میں فضائی آلودگی 971 اور بہاولپور میں 796 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آلودگی کے ہر مقامی ذریعے کے خلاف کارروائی جاری ہے، تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر فیلڈ میں متحرک ہیں، ہائی اے کیو آئی ایریاز میں سموگ گنز سے آپریشن، پانی کا چھڑکاؤ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 28 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، خلاف ورزی پر 3 یونٹس اور 11 بھٹوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔