خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں متعین پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی بصیرت افروز شاعری کے پاکستان کی قومی تاریخ اور شناخت پر انمٹ نقوش ہیں۔
علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہماری قومی زندگی کی فکری اساس اقبال کی بصیرت سے وابستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاعرمشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری، افکار اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود مُختاری اور خود ارادیت کا شعوربیدار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کا تصورِ شاہین نوجوانوں کو جرأت، بُلند ارادے اور حُصولِ کمال کا درس دیتا ہے، علامہ اقبالؒ نے اپنی نثر اور نظم کے ذریعے اس ملت کو جگانے کی کوشش کی جو نوآبادیت کے زیر اثر فکری اور ذہنی پابندیوں کا شکار تھی۔
تقریب میں سرکردہ پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں، میڈیا نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی، مقررین اور شعراء نے علامہ اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔