خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا رات گئے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔
پمز ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے طبی معائنے کیلئے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق عمران خان کا طبی معائنہ اور آنکھوں کا فالو اَپ ٹریٹمنٹ کیا گیا جہاں ان کے طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی عمومی جسمانی حالت بھی تسلی بخش اور مستحکم قرار دی گئی ہے۔
پمز اعلامیہ کے مطابق ماہرامراض چشم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کو آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگایا گیا، انجکشن لگانے کا عمل شعبہ امراض چشم کی ٹیم نے مکمل کیا۔
انجکشن کا عمل طبی رضا مندی اور تمام احتیاطی تدابیر کے تحت مکمل کیا گیا، بانی پی ٹی آئی انجکشن کے عمل سے پہلے، دوران اور بعد میں طبی طور پر مستحکم رہے، رات تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر پمز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، مزید علاج اور فالو اَپ کیلئے ضروری طبی ہدایات بھی دے دی گئیں۔
جیل ذرائع کا بتانا کہ طبی معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔