خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دی یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز لاہور ترمیمی بل 2026ء متعارف کروا دیا گیا جبکہ دی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل 2026ء منظور کر لیا گیا۔
حکومتی رکن طارق سبحانی نے یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز لاہور ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا، حکومتی رکن راجہ شوکت بھٹی نے پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ترمیمی بل پیش کیا۔
دی والڈ سٹی یونیورسٹی بل 2026ء بھی رکن اسمبلی رانا محمد ارشد نے آؤٹ آف ٹرن ایوان میں پیش کیا۔ پینل آف چیئرپرسن ملک ارشد نے والڈ سٹی یونیورسٹی بل سمیت متعلقہ بلز دو ماہ کے لیے کمیٹیوں کے سپرد کر دیے۔
پنجاب اسمبلی نے منڈی بہاؤالدین کے 1941ء سے قائم قدیم ہسپتال کی انتظامی حیثیت فوری بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد رکن اسمبلی حمیدہ میاں نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ 2020ء میں شہر سے باہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فعال ہونے کے بعد قدیم ہسپتال کی حیثیت ختم کرکے اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضم کر دیا گیا تھا۔
قرارداد کے مطابق 2022ء میں مسلم لیگ ن کی تقریباً 45 روزہ حکومت کے دوران قدیم ہسپتال کو سٹی ہسپتال کا درجہ دیا گیا اور اس کے لیے عملے کی منظوری بھی دی گئی، تاہم بعد ازاں اس کی حیثیت دوبارہ ختم کرکے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضم کر دیا گیا۔
ایوان نے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کی انتظامی حیثیت بحال کرکے منظور شدہ عملہ اور ضروری بجٹ فراہم کیا جائے، قرارداد میں منڈی بہاؤالدین کی تقریباً تین لاکھ آبادی کے لیے قدیم ہسپتال کی بحالی کو ضروری قرار دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی نے خواتین اور بچیوں پر ہر قسم کے تشدد کی مذمت اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کی حمایت میں حنا پرویز بٹ کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ خواتین اور بچیاں ریاست کی ریڈ لائن ہیں، ان پر جسمانی، جنسی، گھریلو، نفسیاتی، جذباتی اور آن لائن تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
قرارداد میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران صوبہ بھر میں آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جائیں، تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خواتین کو فوری انصاف، قانونی امداد، نفسیاتی مشاورت اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ٹول فری ہیلپ لائن 080001737 کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ خواتین کا تحفظ صرف 16 دن نہیں بلکہ سال کے 365 دن ریاست کی ذمہ داری ہے۔
سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کے لیے ماہواری کے دوران حفظانِ صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
حکومتی رکن ذکیہ شاہنواز کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں صاف پانی، علیحدہ اور فعال واش رومز، سینیٹری مصنوعات کی مناسب قیمت پر دستیابی اور استعمال شدہ مصنوعات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
قرارداد میں تعلیمی اداروں میں ہاتھ دھونے کی سہولیات اور ماہواری سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں، سیلاب اور پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اور پائیدار واٹر، سینیٹیشن اور ہائجین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
دوسری جانب مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کے لیے قانون سازی سے متعلق قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
اپوزیشن رکن رانا اورنگزیب کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 298-A کے تحت موجودہ سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے سزا میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ مقدس ہستیوں کی توہین مذہبی جذبات مجروح کرنے کے ساتھ معاشرتی امن اور ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچاتی ہے، اس لیے مذہبی مقدسات کے احترام اور معاشرتی امن برقرار رکھنے کے لیے مؤثر قانون سازی اور اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔