پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بنگلہ دیشی وفد کا پنجاب اسمبلی آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور دونوں برادر ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ اور پاکستان، بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ بنگلہ دیشی سپیکر اور پارلیمانی وفد کی آمد پاکستان اور بنگلہ دیش کے پارلیمانی تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں منسلک ہیں، پارلیمانی روابط میں اضافے اور وفود کے باقاعدہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینا ضروری ہے، مضبوط ادارہ جاتی روابط دوطرفہ تعلقات مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے بنگلہ دیشی وفد کو پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی امور کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعث اعزاز ہے، انہوں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان سے وابستہ خوشگوار یادوں کا بھی ذکر کیا۔

حافظ الدین احمد بیر بکرم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور پارلیمانوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کی قیادت اور عوام دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔

بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے وزارت خارجہ و رکن پارلیمنٹ جہرات ادیب چودھری، اراکین پارلیمنٹ ہمام قادر چودھری، محمد نذیب الرحمٰن، نیلوفر چودھری مونی اور ناصر الرحمٰن سمیت بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر زکریا بن امجد اور سپیکر کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری محمد اکبر حسین شامل تھے۔

ملاقات میں صوبائی وزیر قانون رانا اقبال خاں، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، اراکین اسمبلی احمد اقبال، ملک احمد سعید، رانا ارشد اور سارا احمد بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اختتام پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بنگلہ دیشی سپیکر کو تحائف پیش کیے اور انہیں پنجاب اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا دورہ بھی کرایا۔