تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تہران سے خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ کسی ملک کے صدر اور ان کی اہلیہ کا اغوا باعثِ فخر نہیں بلکہ غیر قانونی عمل ہے، انہوں نے کہا کہ جیسا کہ وینزویلا کے عوام نے زور دیا، ان کے صدر کو فوراً رہا کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ 3 جنوری کو امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ایک فوجی کارروائی کے دوران حراست میں لیا تھا، جس کے بعد انہیں نیویارک کی جیل میں قید رکھا گیا ہے، ان پر منشیات اور دہشتگردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جارہا ہے، انہیں امریکی عدالت میں پیش کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات خود چلانے، تیل کے ذخائر قبضے میں لینے اور امریکی تیل کمپنیوں کو وینزویلا بھیجنے کا اعلان کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز امریکا کی ہر بات ماننے کو تیار ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی حکومت نے ماضی میں صدر مادورو کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر 7 اگست 2025 کو 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔



