تھائی لینڈ کا کمبوڈیا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، حملے میں ایک فوجی زخمی

تھائی لینڈ کا کمبوڈیا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، حملے میں ایک فوجی زخمی

تھائی فوج کے مطابق منگل کی صبح کمبوڈین فورسز نے تھائی لینڈ کے صوبے اوبون راتچاتھانی میں مارٹر گولے داغے جس کے نتیجے میں ایک فوجی شیل کے ٹکڑوں سے زخمی ہوا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

بعد ازاں تھائی فوج نے ایک اور بیان میں کہا کہ کمبوڈیا کی جانب سے رابطہ کیا گیا اور وضاحت دی گئی کہ تھائی حدود میں فائرنگ کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور یہ واقعہ کمبوڈین اہلکاروں کی آپریشنل غلطی کے باعث پیش آیا۔؎

تھائی فوج نے کمبوڈیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نوعیت کا کوئی واقعہ دوبارہ پیش آیا تو جوابی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

کمبوڈیا کی وزارت دفاع کی ترجمان مالی سوچیٹا نے اس مبینہ حملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

تھائی وزیرِاعظم انوتن چرنویراکول نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے اس واقعے پر کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، ان کا کہنا تھا کہ عسکری سطح پر واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا ہے تاہم تھائی لینڈ اس بات کی وضاحت چاہتا ہے کہ ذمہ داری کیسے طے کی جائے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ تھائی لینڈ کے پاس کمبوڈیا کو جواب دینے کی مکمل صلاحیت موجود ہے تاہم فی الحال سرحدی علاقوں میں رہائشیوں کے انخلا کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا البتہ صوبائی حکام کو تیار رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 27 دسمبر کو جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد دسمبر میں ہونے والی شدید جھڑپوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔