افغان طالبان حکومت کی جانداروں کی تصاویر شائع اور نشر کرنے پر پابندی میں مزید توسیع

Published On 09 January,2026 10:36 pm

کابل (دنیا نیوز)افغانستان کی طالبان حکومت نے جانداروں کی تصاویر شائع اور نشر کرنے پر عائد پابندی کو مزید سخت کرتے ہوئے اسے ملک کے 24 صوبوں تک توسیع دے دی۔

افغان میڈیا نے افغانستان جرنلسٹس سینٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے میڈیا اور اظہارِ رائے کی آزادی پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

افغانستان جرنلسٹس سینٹر نے گزشتہ روز جاری بیان میں بتایا کہ طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے صوبہ اُروزگان میں اس پابندی پر عملدرآمد شروع کر دیا جہاں میڈیا اداروں کو تصاویر شائع کرنے سے روک دیا گیا ہے اور صوبائی سرکاری ٹیلی وژن چینل کو ریڈیو میں تبدیل کر دیا گیا۔

افغان طالبان نے صوبہ ہرات میں جانداروں کی تصاویر شائع اور نشر کرنے پر پابندی عائد کردی، اُن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک گیر سطح پر پالیسی کے نفاذ کا حصہ ہے جو اب باضابطہ طور پر 24 صوبوں میں لاگو ہو چکی ہے۔

افغانستان جرنلسٹس سینٹر کے مطابق اُروزگان میں طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف کے سربراہ عبدالحی عمری نے بدھ کے روز ایک رابطہ اجلاس کے دوران مقامی میڈیا اداروں کو ہدایت دی کہ وہ تصاویر لینے اور شائع کرنے سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ طالبان کے امر بالمعروف سے متعلق قانون کے تحت جانداروں کی تصاویر شائع کرنے پر پابندی عائد ہے اور اس قانون پر عملدرآمد کے تحت متعدد صوبوں میں سرکاری ٹیلی وژن چینلز اور دیگر مقامی میڈیا اداروں کی سرگرمیاں معطل کی جا چکی ہیں۔