کراچی کی تمام 246 یوسیز کے 3 سالہ خصوصی مالی آڈٹ کا حکم

کراچی کی تمام 246 یوسیز کے 3 سالہ خصوصی مالی آڈٹ کا حکم

چیئرمین پی اے سی نے ڈی جی آڈٹ کو کراچی کی یوسیز کے خصوصی مالی آڈٹ کا حکم میئر کراچی کے خط کی روشنی میں دیا ہے۔

پی اے سی چیئرمین نے کراچی کی تمام یوسیز کے ماہانہ او زی ٹی فنڈز کے استعمال، اخراجات، ملازمین سمیت پنشن اور تمام ٹاؤنز سے روڈ کٹنگ چارجز کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے پی اے سی چیئرمین کو کراچی کی تمام 246 یونین کمیٹیز کی خصوصی فنانشل آڈٹ کرانے کے متعلق خط لکھا تھا۔

چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ حکومت ہر یوسی کو ماہانہ 12 لاکھ روہے اوزی ٹی فنڈ فراہم کر رہی ہے، کراچی کی 246 یوسیز کو ماہانہ 29 کروڑ 52 لاکھ روہے او زی ٹی فنڈ دیا جا رہا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ یوسیز سندھ حکومت سے ملنے والے ہر ماہ فنڈز کہاں خرچ کر رہی ہیں اس متعلق کسی کو کچھ معلوم نہیں؟ یوسیز کے خصوصی فنانشل آڈٹ سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ یوسیز کے فنڈز کہاں اور کس مد میں خرچ کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نچلی سطح پر عوام کی بہتری کے لئے یوسیز کو فنڈز فراہم کر رہی ہے تو وہ عوام کے پیسے عوام پر خرچ ہونے چاہئیں۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ عوام کی بہتری کے لئے فراہم ہونے والے فنڈز میں مالی بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو کارروائی ہوگی، یوسیز کے مالی آڈٹ سے نچلی سطح تک کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

انہون نے کہا کہ کراچی کے ٹاؤنز کو روڈ کٹنگ چارجز کی مد میں اربوِں روہے وصول ہوئے ہیں وہ رقم کہاں خرچ ہوئی اس سے متعلق ٹاؤنز جواب دیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ڈی جی آڈٹ اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کو کراچی کے ٹاؤنز سے روڈ کٹنگ چارجز کی تفصیلات طلب کر کے رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔