خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گارڈن گھاس منڈی میں 8 سالہ بچہ کنویں میں گر کر جان گنوا بیٹھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بچے کو کنویں سے نکال کر سول ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔
ڈپٹی کمنشرساوتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا گلی میں موجود کھلا کنواں پہلے دھوبی کے زیر استعمال تھا جو اب خشک تھا، حادثے میں ایک بچے کو بچا لیا گیا جبکہ دوسرا بچہ خالد کنوئیں میں گرگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کنواں گہرا ہونے کے باعث آپریشن میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا تین بچے مدرسے سے واپس گھر کی جانب جارہے تھے حادثہ پیش آیا۔
متوفی بچہ خالد پہلی جماعت کا طالب علم اورتین بہن بھائیوں میں پہلے نمبر پر تھا، دلخراش واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کنوئیں کے اطراف رکاوٹ لگا کر کھلے کنوئیں کو بند کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔