میلسی میں خستہ حال گھر کی چھت گرنے سے 6 سالہ بچی جاں بحق، 5 افراد زخمی

میلسی میں  خستہ حال گھر کی چھت گرنے سے  6 سالہ بچی جاں بحق، 5 افراد زخمی

ریسکیو حکام کے مطابق میلسی کے علاقے اڈا ہری چند میں مسلسل بارش کے باعث پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک خستہ حال گھر کی چھت اچانک منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔

 حکام کا کہنا تھا کہ چھت پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث کمزور ڈھانچہ بوجھ برداشت نہ کر سکا اور زمین بوس ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اہلکاروں نے ملبے تلے دبے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ایک 6 سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی جبکہ پانچ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال میلسی منتقل کر دیا گیا۔

 حکام نے مزید کہنا کہ متاثرہ مکان کی چھت پہلے ہی خستہ حال تھی اور بارش کا پانی جمع ہونے سے اس کی بنیاد مزید کمزور ہو گئی، جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جب کہ شہریوں نے خستہ حال عمارتوں کی فوری جانچ اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔