سندھ میں جدید ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی کے ذریعے مویشیوں کی افزائش نسل کا منصوبہ متعارف

سندھ میں جدید ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی کے ذریعے مویشیوں کی افزائش نسل کا منصوبہ متعارف

منصوبہ محکمہ لائیو سٹاک سندھ اور نجی پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، جس کا افتتاح صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی نے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی نے کہا کہ جدید ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی کے ذریعے کم وقت میں بہتر نسل کے مویشی تیار کرنا ممکن ہوگا۔

ماضی میں اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی افزائش اور ان کی خصوصیات کو عام ہونے میں کئی سال لگ جاتے تھے، تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ہی سال میں نسل کی بہتری اور مویشیوں کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی افزائش سے دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی، جبکہ جدید بریڈنگ طریقوں کے ذریعے معیاری اور زیادہ پیداواری صلاحیت رکھنے والے جانور جلد منڈیوں میں دستیاب ہو سکیں گے، اس ٹیکنالوجی سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہتر نسل اور زیادہ وزن والے جانوروں کی فراہمی کے امکانات بھی بہتر ہوں گے۔

محمد علی ملکانی کا کہنا تھا کہ مویشیوں کی نسل اور پیداواری صلاحیت میں بہتری سے مارکیٹ میں معیاری گوشت کی فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ مویشی پالنے والے فارمرز کو بھی معاشی فوائد حاصل ہوں گے، جدید بریڈنگ کے ذریعے کم وقت میں بہتر نتائج حاصل کرنا لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے نجی شعبے کا تعاون انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو مویشی پالنے، جدید فارمنگ اور بریڈنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جدید مویشی فارمنگ ایک منافع بخش کاروبار بن سکتی ہے۔

تقریب میں سیکرٹری لائیو سٹاک ڈاکٹر کاظم جتوئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر نظیر کلہوڑو اور نجی کمپنی کے حکام نے شرکت کی۔

واضح رہے نئے بریڈنگ پروگرام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مویشیوں کی نسل بہتر بنانے، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور سندھ کے لائیو سٹاک سیکٹر میں جدید طریقہ ہائے کار کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔