علاقائی
خلاصہ
- مریدکے: (دنیا نیوز) مریدکے تھانہ صدر کے علاقہ کٹھیالہ کے قریب کار اچانک سامنے آنیوالی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے افراد میاں بیوی اور انکے تین بچے بری طرح زخمی ہو گئے۔
شیخوپورہ روڈ پر فیصل آباد سے شادی کی تقریب سے فارغ ہو کر واپس کامونکی جانیوالی فیملی کی کار کٹھیالہ کے قریب لنک روڈ سے اچانک نکلنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے زور دار دھماکے کیساتھ جا ٹکرائی۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد لاہور منتقل کر دیا گیا، جہاں تین زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بیان کی جاتی ہے، حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ ریسکیو کے عملہ نے کرین کے ذریعے کاٹ کر زخمیوں کو گاڑی سے نکالا۔
حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس حکام کا کہناہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، ذمہ دار ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔