ویکسین خریداری میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن، گرفتار ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

ویکسین خریداری میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن، گرفتار ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

عدالت نے گرفتار ملزم عثمان ولد محمد وصال کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ایف آئی اے نے ملزم کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا تھا، ملزم عثمان کو کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو جلد مقدمے کا چالان جمع کروانے کی ہدایت بھی کر دی۔ مقدمے میں گرفتار دیگر ملزمان پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

ملزمان پر ویکسین کے پانچ سالہ ٹھیکے میں سنگین مالی بے ضابطگیوں اور من پسند کمپنی کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو تقریباً 2 ارب 44 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔