مری میں سکول ٹرپ کی بس الٹ گئی، ڈرائیور جاں بحق، 25 طلبہ و طالبات زخمی

مری میں سکول ٹرپ کی بس الٹ گئی، ڈرائیور جاں بحق، 25 طلبہ و طالبات زخمی

حادثے کا شکار بس طلبہ و طالبات کو ٹرپ کے بعد مری سے گوجرانوالہ واپس لے جا رہی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکار، مری پولیس اور ٹریفک پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

زخمی طلبہ و طالبات کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جائے حادثہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کے اقدامات جاری ہیں۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے وجوہات کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی لیگل اور ڈی ایس پی ٹریفک پر مشتمل دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈی پی او نے کمیٹی کو جائے حادثہ کا معائنہ کرنے، گاڑی کی تکنیکی حالت، ڈرائیور کی ممکنہ غفلت، روڈ سیفٹی اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

رضا تنویر سپرا کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین شواہد اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا، کسی قسم کی غفلت ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔