خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ کیماڑی میں امتحانی مرکز کے باہر پولیس اہلکار کی جانب سے طالبہ سے مبینہ بدتمیزی اور تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایس ایس پی کیماڑی نے نوٹس لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پاک کالونی کے علاقے آصف آباد میں قائم گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں پیش آیا، جہاں نجی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات جاری تھے۔
امتحانی مرکز کے باہر تعینات پولیس اہلکار نے طالبہ کو بیگ اور دیگر سامان سمیت سینٹر میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی، بحث کے دوران اہلکار نے طالبہ کو تھپڑ مارنے کی دھمکی بھی دی۔
— MAIRAJ KHAN SWATI (@MAIRAJKHANSWATI) November 25, 2026
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل احسن اشتیاق کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ کیماڑی پولیس دوران ڈیوٹی عوام، بالخصوص خواتین اور طالبات کے ساتھ شائستہ اور باوقار رویہ یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
تمام افسران اور اہلکاروں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور اختیارات کا جائز و قانونی استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کا نازیبا یا غیر مناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔