کراچی میں بین الاقوامی میڈیکل بلنگ فراڈ کا نیٹ ورک بے نقاب، 5 ملزمان گرفتار

کراچی میں بین الاقوامی میڈیکل بلنگ فراڈ کا نیٹ ورک بے نقاب، 5 ملزمان گرفتار

این سی سی آئی اے کے مطابق برآمد ہونے والی چار گاڑیوں کی مالیت تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مذکورہ نیٹ ورک 2020 سے 2025 تک شاہراہ فیصل کراچی پر واقع انعم ایمپائر میں گلوبل ریسورس گروپ، فینکس مارکیٹنگ سلوشن اور دی کال سلوشن کے نام سے مبینہ طور پر سرگرم تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس غیر قانونی سرگرمی سے حاصل ہونے والی تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے کی رقم مبینہ طور پر پاکستان منتقل کی گئی۔ این سی سی آئی اے کراچی نے دس ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 2026/134 درج کر لیا ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان امریکہ میں مقیم بزرگ مریضوں کو فون کالز کر کے انہیں دیرپا استعمال کے طبی آلات کی فراہمی، ان آلات کے حصول کی اہلیت اور ہیلتھ انشورنس کے تحت دستیاب سہولیات کے حوالے سے گمراہ کرتے تھے۔

ملزمان امریکی شہریوں کی ذاتی اور طبی معلومات حاصل کر کے امریکہ میں موجود اپنے میڈیکل بلنگ پارٹنر کو فراہم کرتے تھے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق مذکورہ پارٹنر ان معلومات کی بنیاد پر امریکہ کے مختلف ہیلتھ انشورنس اداروں، بشمول میڈی کیئر، ہیومانا اور یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر میں جعلی اور غیر قانونی انشورنس کلیمز جمع کرواتا تھا۔

ان کلیمز کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں سے امریکی میڈیکل بلنگ پارٹنر اپنا کمیشن اور اخراجات منہا کرنے کے بعد باقی رقم ملزمان میں پہلے سے طے شدہ تناسب کے مطابق تقسیم کرتا تھا۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ جرائم سے حاصل ہونے والی رقوم مبینہ طور پر غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور مرچنٹ سہولیات کے ذریعے امریکہ سے پاکستان منتقل کی جاتی تھیں۔

پاکستان میں یہ رقوم نقد اور خصوصی طور پر اس مقصد کے لیے قائم کی گئی فرضی کمپنیوں اور کاروباری فرموں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کی جاتی تھیں۔

این سی سی آئی اے نے دوران تفتیش ایسے 23 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے، جن میں سے بیشتر کراچی کے علاقے سندھ مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ایک نجی بینک کی برانچ میں کھولے گئے تھے۔

حکام کے مطابق مبینہ طور پر ان اکاؤنٹس کی شناخت اور تصدیق کے لیے مقررہ ضوابط پر مناسب طریقے سے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے مختصر عرصے میں تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر غیر قانونی رقوم کے اصل ذرائع چھپانے کے لیے ان رقوم سے منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں اور ڈیجیٹل اثاثے خریدے۔

گرفتار ملزمان میں بلال احمد، اسد علی عباسی، طلحہ یونس، ملک ریاض عرف شیزی اور عبد الوحید شامل ہیں، مقدمے میں نامزد دیگر پانچ ملزمان، جن میں ایک بینک برانچ منیجر بھی شامل ہے، تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔