نظام میں بہتری سے تارکینِ وطن کیلئے روزگار بڑھا: وزارتِ سمندر پار پاکستانی

نظام میں بہتری سے تارکینِ وطن کیلئے روزگار بڑھا: وزارتِ سمندر پار پاکستانی

وزارت سمندر پار پاکستانی(ایم او پی) کے مطابق بیورو آف امیگریشن کی جانب سے بیرون ملک روزگار کے متلاشی افراد کی سہولت کاری کیلئے اقدامات کررہے ہیں، گزشتہ سال بیرون ملک بجھوائے جانے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اِسی طرح سال 2025 ء میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 افراد بیورو آف امیگریشن کی سہولت کاری سے بیرونِ ملک بھجوائے گئے، سال 2025 ء میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔

ایم او پی اینڈ ایچ آر ڈی کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 40 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے سال 2025 ء میں تقریباً 40ارب ڈالر بجھوائے گئے، بڑھتی ترسیلات زرملکی معیشت ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اوورسیز پاکستانیوں کے بڑھتے کردار کی عکاس ہیں۔

وزارت ِسمندر پار پاکستانی نے بتایا کہ 2025ء کے دوران اٹلی، بیلاروس اور عراق کے ساتھ لیبر موبلٹی معاہدوں پر دستخط کیے،دوست ممالک کے ساتھ معاہدوں سے پاکستانی افرادی قوت کیلئے باعزت روزگار ، ورکر ویلفیئر اور محفوظ امیگریشن کی راہ ہموار ہوئی۔

اٹلی کا پاکستان کے لیے تین سال کیلئے 10,500 کارکنوں کا کوٹہ مختص کرنا بڑی پیش رفت ہے، اٹلی کا 3 سال کیلئے تقریباً 3,500 افراد سالانہ کا پاکستان کے لیے پہلا کوٹہ پر مبنی لیبر میکانزم ہے،یہ کوٹہ مہمان نوازی ، ہیلتھ کیئر، زراعت اور شپ بریکنگ جیسے شعبوں میں پاکستانیوں کیلئے مواقع فراہم کرے گا۔

دوسری جانب قطر کے 19 سال بعد پاکستانی کارکنوں کیلئے ورک ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کرنے سے خلیجی ممالک تک رسائی مزید وسیع ہوئی،وزارت نے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ای-پروٹیکٹر سسٹم بھی متعارف کرایا ،اقدام کے نتیجے میں کارکردگی میں ناکامی پر 71 اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے لائسنس منسوخ کیے گئے۔

ایم او پی اینڈ ایچ آر ڈی کا کہنا تھا کہ اقدام سے شفافیت بڑھی ، بیرون ملک جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو استحصال سے تحفظ ملا اور معیاری پری ڈیپارچر اورینٹیشن پروگرام بھی نافذ کیا، کارکنان کو بیرونِ ملک کام کے ماحول سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پہلی بار لازمی ویب بیسڈ سافٹ سکلز ٹریننگ ماڈیول متعارف کرایا۔

وزارت کی جانب سے فلاحی اقدامات کے تحت شادی گرانٹ 4 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے اور وفات گرانٹ بھی 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی۔

وزارت سمندر پار پاکستانی کا کہنا تھا کہ نے 2025ء میں پہلا اوورسیز پاکستانی کنونشن منعقد کیا، دوسرا کنونشن اپریل 2026 میں متوقع ہے ،14 اگست 2025 کو پہلی بار 16 بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان بھی کیا گیا۔

ایم او پی اینڈ ایچ آر ڈی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے قانونی تحفظ کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام سے متعلق قوانین وفاق، پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں میں منظور کیے گئے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام سے جائیدادی تنازعات کے حل میں تیزی آئے گی۔

وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے حادثاتی موت اور معذوری انشورنس سکیم بھی متعارف کرائی گئی، اوورسیز پاکستانیوں کی حادثاتی موت کی صورت میں 20 لاکھ روپے کی انشورنس، جنازہ گرانٹ 50 ہزار اور لاش کی وطن واپسی کے اقدامات شامل ہیں۔

دوسری جانب مہنگائی کے اثرات کے پیشِ نظر ریٹائرڈ ورکرز کیلئے ای او بی آئی کی کم از کم پینشن میں 15 فیصد اضافہ کے بعد 11 ہزار 500 کردی گئی،اقدامات بیرون ملک باعزت روزگار کے فروغ، کارکنوں کے تحفظ اور قومی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کیے گئے۔