خلاصہ
- پیرس: (ویب ڈیسک) پیرس میں ایک 9 سالہ بچے کو مشرقی علاقے کے ایک گاؤں سے بازیاب کرلیا گیا، جو مبینہ طور پر 2024 سے اپنے والد کی وین میں قید تھا۔
استغاثہ کے مطابق پولیس کو ایک پڑوسی کی اطلاع پر کارروائی کرنا پڑی، جس نے وین سے بچے کی آوازیں سننے کا دعویٰ کیا تھا، حکام نے وین کا دروازہ توڑ کر بچے کو انتہائی خراب حالت میں برآمد کیا۔
پراسیکیوٹر نکولا ہیٹز کے مطابق بچہ ننگی حالت میں کچرے کے ڈھیر پر لیٹا ہوا تھا، اس کی جسمانی حالت نہایت کمزور تھی اور طویل عرصے تک ایک ہی حالت میں رہنے کے باعث وہ چلنے سے بھی قاصر ہو چکا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بچہ شدید غذائی قلت کا شکار تھا اور اس نے 2024 سے نہانے تک کا موقع نہیں پایا، والد نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے بچے کو تحفظ دینے کے لیے وین میں رکھا کیونکہ اس کی ساتھی بچے کو نفسیاتی ادارے میں بھیجنا چاہتی تھی، تاہم استغاثہ کے مطابق بچے کا اس سے قبل کوئی طبی یا نفسیاتی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
پولیس نے بچے کے والد کو اغوا سمیت دیگر الزامات کے تحت حراست میں لے لیا ہے، جبکہ والد کی ساتھی کو بھی ایک نابالغ کی مدد نہ کرنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا ہے۔
حکام نے بچے کی بہن اور دیگر بچوں کو سوشل سروسز کی تحویل میں دے دیا ہے جبکہ اس واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا کسی اور کو بھی اس صورتحال کا علم تھا یا نہیں؟