پنجاب اسمبلی میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اہم رپورٹ جمع

پنجاب اسمبلی میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اہم رپورٹ جمع

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں سموگ کنٹرول کیلئے مختص رقم میں بڑا اضافہ کیا گیا، 144.49 ملین روپے سے بڑھا کر 487.50 ملین روپے کر دی گئی۔

ماحولیاتی بہتری کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی لاگت 93 کروڑ 78 لاکھ روپے تک پہنچ گئی، سموگ کے خاتمے کیلئے مختص 48 کروڑ 75 لاکھ روپے میں سے اب تک 45 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے جا چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی مسائل کے تدارک کیلئے مزید 18 نئے ترقیاتی منصوبے بھی بیک وقت جاری ہیں، ماحولیاتی فورس کیلئے خصوصی فنڈز، بلاک الاٹمنٹ کی مد میں 29 کروڑ روپے جاری ہوئے، جن میں سے 5 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

ای بائیکس، یونیفارمز اور دیگر سامان کی خریداری کیلئے فنڈز کا استعمال، فیلڈ آپریشنز کو جدید بنانے پر خرچ کیے گئے، آلودگی کے خلاف کارروائی تیز کرنے کیلئے 155 انسپکٹرز اور 208 فیلڈ اسسٹنٹس کی بھرتی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات کو آپریشنل اخراجات کیلئے 259.20 ملین روپے جاری ہوئے، آپریشنل فنڈز میں سے اب تک 9 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے ہیں۔

انوائرمنٹ پروٹیکشن فورس کا قیام عمل میں لایا گیا، سموگ کے خلاف الگ فورس کام کر رہی ہے، فورس کیلئے 55 انسپکٹرز اور 207 فیلڈ سٹاف کی بھرتی کا عمل جنوری 2025 میں مکمل ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھرتیاں ابتدائی طور پر 3 سالہ کنٹریکٹ پر، بعد ازاں مستقل کیے جا سکتا ہے، محکمہ ماحولیات میں مزید 25 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور 8 ڈپٹی ڈائریکٹرز کی بھرتی بھی کی گئی۔

مختلف ماحولیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 83 ملازمین تعینات کیے گئے، پلاسٹک مینجمنٹ، گرین کریڈٹ پروگرام اور سٹریٹجک کمیونیکیشن منصوبوں پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔