خلاصہ
- یاموسوکرو: (ویب ڈیسک) مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں کسی عزیز کی وفات صرف غم کا باعث نہیں بنتی بلکہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا مالی امتحان بھی ثابت ہوتی ہے، یہاں روایتی طور پر مرحوم کو شاندار انداز میں رخصت کرنا سماجی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث جنازوں اور تدفین کی تقریبات پر بھاری اخراجات کیے جاتے ہیں۔
ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ دکاندار ویلیری بلی نے بتایا کہ وہ اپنے والد کی آخری رسومات روایتی انداز میں ادا کرنے کے لیے بڑی رقم خرچ کر رہی ہیں، عابد جان کے علاقے یوپوگون میں اپنے والد کی تعزیتی تقریب کے دوران انہوں نے بتایا کہ اب تک وہ صرف ابتدائی رسومات پر 25 لاکھ سی ایف اے فرانک (تقریباً 4275 ڈالر) خرچ کر چکی ہیں۔
ان کے مطابق اس رقم میں تین گائیں خریدنے کے اخراجات بھی شامل ہیں، جبکہ قبرستان تک تابوت منتقل کرنے، قبر تعمیر کرنے اور تدفین میں آنے والے سینکڑوں مہمانوں کی میزبانی کے اخراجات ابھی باقی ہیں۔
جنازے کے لیے لاش مہینوں مردہ خانے میں رکھی جاتی ہے، کیونکہ آئیوری کوسٹ میں بہت سے خاندان فوری طور پر جنازے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، اس لیے وہ لاش کو مردہ خانے میں محفوظ رکھتے ہیں اور آہستہ آہستہ رقم جمع کرتے ہیں۔
بلی لو نے بتایا کہ ان کے والد جولائی میں انتقال کر گئے تھے لیکن ضروری رقم نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کئی ماہ تک مردہ خانے میں رکھنا پڑا جہاں روزانہ تقریباً سات ہزار فرانک فیس ادا کرنی پڑتی تھی، بالآخر اہل خانہ اور دوستوں کی مالی مدد سے وہ جنازے کی تقریب منعقد کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
یوپوگون میں ایسے بڑے مراکز موجود ہیں جہاں ہر ہفتے متعدد جنازے اور تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، خاندان کئی ہفتے پہلے بکنگ کرواتے ہیں اور تقریب کے لیے موسیقی، خیموں، سجاوٹ اور دیگر انتظامات پر خطیر رقم خرچ کرتے ہیں۔
بعض خاندانوں کے لیے جنازوں کے اخراجات اس قدر زیادہ ہوتے ہیں کہ انہیں قرض لینا پڑتا ہے، ایک اور خاندان کے رکن میتھیاس زوہ نے بتایا کہ ان کی تقریب پر 50 لاکھ فرانک سے زیادہ خرچ ہوئے، خاندان کے ہر فرد پر مالی تعاون لازمی قرار دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بہت دباؤ ہوتا ہے، ہمارے والدین اور بزرگ بھی یہی کرتے تھے، اس لیے ہمیں بھی کرنا پڑتا ہے، ورنہ گاؤں میں لوگ برا سمجھتے ہیں۔
جنازوں کی اس ثقافتی اہمیت نے آئیوری کوسٹ میں ایک بڑی صنعت کو جنم دیا ہے، بازاروں میں تابوت، قبر کے کتبے، مصنوعی پھول، خصوصی لباس، زیورات اور مرحومین کے لیے خوشبوئیں فروخت کرنے والی دکانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
اس شعبے سے وابستہ جیرٹرڈ برو گزشتہ 15 برسوں سے جنازوں سے متعلق سامان فروخت کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’لوگوں کو جنازوں کی ضرورت ہمیشہ رہتی ہے اور یہ ایسا کام ہے جس سے اچھی آمدنی حاصل ہوتی ہے، ان کے ساتھی جارجز کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی تدفینی خدمات کے کاروبار سے حاصل ہونے والی کمائی سے گھر تعمیر کیا اور اپنے بچوں کو بیرون ملک تعلیم دلوائی۔