برازیلیہ: (ویب ڈیسک) برازیل کے معروف فٹبال کلب فلیمنگو میں آگ لگنے سے10فٹبالر ہلاک ہو گئے۔ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا۔ 3 فٹبالر شدید زخمی بھی ہوئے، وجوہات کا تعین نہ ہو سکا۔
برازیل کے ساحلی شہر ریو ڈی جنیرو میں واقع فٹبال کلب میں علی الصبح آگ لگی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 3 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا۔ امدادی کارکنوں نے بتایا کہ کھلاڑی اکیڈمی میں سو رہے تھے کہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔
یہ آگ تقریباً صبح 5 بجے ریو ڈی جنیرو کے ضلع ورگیم گرانڈے میں لگی جہاں اعلیٰ پیشہ ورانہ سہولیات سے لیس برازیل کے سب سے مشہور کلب فلیمنگو کا سکواڈ بھی ٹریننگ کرتا ہے۔
دو گھنٹے بعد ساڑھے سات بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا۔ حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والے تمام 10 افراد نوجوان فٹبالرز ہیں جبکہ کچھ اطلاعات ہیں کہ مرنے والوں میں 6 نوجوان فٹبالرز اور 4 سپورٹ سٹاف کے اراکین شامل ہیں۔
آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی لیکن ایک دن قبل ہونے والی بارش کے سبب جس وقت آگ لگی، اس وقت کلب میں بجلی اور پانی نہیں تھا۔
فلیمنگو کلب سے نکل کر برازیل کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے والے چند مشہور کھلاڑیوں میں رونالڈینو، ببیتو اور روماریو شامل ہیں۔ برازیل کی تاریخ کا سب سے کامیاب کلب ہونے کے ساتھ ساتھ فلیمنگو کی باسکٹ بال، روئنگ، سوئمنگ اور والی بال کی بھی ٹیمیں ہیں۔