بیرگامو: (ویب ڈیسک ) اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ہزارں افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، حکومت اس مہلک وباء پر کنٹرول کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں تاہم ہلاکتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں، اسی حوالے سے ایک خبر آئی ہے جس کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ ایک فٹبال میچ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے فٹبال کلب اٹلانٹا کی تاریخ کا سب سے بڑا میچ تھا اور بیرگامو شہر کی ایک تہائی آبادی میلان کے مشہور سان سیرو سٹیڈیم میں پہنچ گئی۔ اٹلی کے کلب کا میچ سپین کی ٹیم ویلنسیا سے تھا جس کے ڈھائی ہزار کے قریب مداح بھی سفر کرکے چیمپئنز لیگ کے میچ میں شرکت کے لیے پہنچے۔
19 فروری کو ہونیوالے میچ کے ایک ماہ بعد اب اسے نئے نوول کورونا وائرس کی وبا کا مرکز بیرگامو کو بنانیکی سب سے بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
ایک طبی ماہر نے اسے ’حیاتیاتی بم‘ قرار دیا ہے جس نے ویلنسیا کی 35 فیصد ٹیم کو کووڈ 19 کا شکار بنادیا۔ میلان میں ہونیوالے میچ کو اطالوی میڈیا کی جانب سے گیم زیرو قرار دیا جارہا ہے جو اٹلی میں مقامی طور پر وائرس سے متاثر ہونیوالے پہلے کیس سے 2 دن پہلے کھیلا گیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’دی گارڈین‘ کے مطابق بیرگامو کے میئر کا کہنا ہے کہ ایک فٹبال میچ کے باعث کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
بیرگامو کے میئر گیوجیو جوری نے کہا وسط فروری میں ہمیں حالات کا درست اندازہ نہیں تھا۔ اگر یہ بات درست ثابت ہوجاتی ہے تو اسکا مطلب ہوگا کہ یورپ میں یہ وائرس جنوری میں ہی پھیل چکا تھا اور میچ میں شریک 40 ہزار افراد نے اس وائرس کو ایک دوسرے کے تقسیم کیا۔
میئر کا کہنا تھا کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ اٹلی کے اس شہر کے سیکڑوں شہری رات بھر گھروں اور ہوٹلوں میں اکٹھے ہوکر میچ دیکھتے رہے ہوںگے۔ بدقسمتی سے ہم نہیں جانتے تھے، کوئی نہیں جاتنا تھا کہ وائرس پہلے ہی یہاں پہنچ چکا ہے۔
میچ کے بعد ایک ہفتے کے اندر ہی بیرگامو میں اولین کیسز سامنے آئے اور اسی وقت ویلنسیا سے آنیوالا ایک صحافی اس خطے کو کووڈ 19 سے متاثرہ دوسرا شخص بنا اور اس سے رابطے میں رہنے والے بھی اس وائرس کا شکار ہوگئے، جس میں میچ میں شریک ویلنسیا کلب کے مداح بھی شامل تھے۔ اٹلانٹا نے پہلے مصدقہ کیس کی تصدیق منگل کو کی مگر ویلنسیا میں ایک تہائی سے زیادہ سکواڈ وائرس سے متاثر ہوا۔
بیرگامو کے ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ کے سربراہ لوکا لورینی کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ میچ میں شریک ہزاروں افراد نے ایک دوسرے سے گلے ملیں گے ہوں گے، وہ بھی ایک یا دو نہیں بلکہ 4 بار، کیونکہ اٹلانٹا نے 4 گول سکور کیے، اس سے یقیناً وائرس کے پھیلنے کا عمل بہت تیز ہوگیا ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں، جب امن کا وقت آئیگا، تو میں آپکو بتائوںگا کہ ان 40 ہزار میں سے کتنے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے، مگر اس وقت ہماری ترجیحات مختلف ہیں۔
اٹلی کے سپرئیر انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے سربراہ سلویو بروسفیرو نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ یہ میچ بیرگامو میں وائرس کے پھیلائو کی ایک وجہ ہوسکتا ہے اور اس حوالے سے تجزیہ یقیناً کیا جائیگا۔