سابق صدر فٹبال فیڈریشن کو گرفتار کیا جائے، جنسی استحصال کی شکار افغان کھلاڑیوں کا مطالبہ

Last Updated On 15 July,2020 09:58 pm

کابل: (ویب ڈیسک) جنسی استحصال کی شکار افغان خواتین کھلاڑیوں نے فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر کریم الدین کریم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

کھیلوں کی ثالثی عدالت نے خواتین کھلاڑیوں کے جنسی استحصال میں ملوث افغان فٹ بال فیڈریشن کے سابق صدر کریم الدین کریم پر فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے تاحیات پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کریم الدین کریم پر گزشتہ سال بہت سی خواتین فٹبالرز کے ساتھ جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہوا، جس کے بعد فیفا نے ان پر تاحیات پابندی اور 10 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا۔

دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق کھیلوں کی ثالثی عدالت نے افغان خواتین کھلاڑیوں کے جنسی استحصال میں ملوث کریم الدین کریم پر فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے تاحیات پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کھیلوں کی ثالثی عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ کریم الدین کریم نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی اور خواتین کھلاڑیوں کے ذہنی اور جسمانی وقار اور سالمیت کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے جرائم نے ناصرف خواتین کھلاڑیوں کا کیریئر تباہ کر دیا بلکہ ان کی زندگیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔