نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ روس نے افغان طالبان سے منسلک جنگجوؤں کو پیسے دیکر امریکی فوجیوں کو قتل کروایا۔
امریکی خبر رساں ادارے ’نیو یارک‘ ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام نے افغانستان میں روسی سرگرمیوں سے متعلق صدر ٹرمپ کو بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران امریکی صدر کو بتایا گیا کہ روس نے افغانستا ن میں جنگجوؤں کو پیسے دے کر امریکی فوجیوں کو قتل کروا یا۔ روس نے طالبان سے منسلک عسکریت پسندوں کو امریکی فوجیوں کے قتل کے لئے پیسے دئے۔
امریکی اخبار نے مزید لکھا کہ یورپ میں خفیہ آپریشن کرنے والے روسی انٹیلی جنس یونٹ نے افغانستان میں اتحادی افواج کو نشانہ بنایا۔ 2019 میں 20 امریکی مارے گئے تھے۔ یہ واضح نہیں روس نے کس کس کو مروایا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق وائٹ ہاؤس روس کے ساتھ سفارتی احتجاج سے لے کر پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہاہے۔
دوسری طرف روسی وزارت خارجہ نے امریکی دعوؤں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیکر رپورٹ کو مسترد کر دیا۔
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں اپنی20 سالہ ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے دعوے کررہا ہے۔
اُدھر طالبان ترجمان نے بھی روسی انٹیلی جنس کے ساتھ تعلقات کے دعووں کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اپنی مرضی سے کئی برسوں سے امریکی فوجیوں کو نشانہ بنار ہے ہیں، امریکا کے ساتھ امن معاہدے کے بعد طالبان امریکیوں کو نشانہ نہیں بناتے۔