مانچسٹر: (ویب ڈیسک) انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کے مڈفیلڈر گنڈوگان کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ انھیں وبائی مرض لاحق ہونے کے بعد قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
مانچسٹر سٹی کی جانب سے اپنے کھلاڑی میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 29 سالہ گنڈوگان کی جلد صحتیابی کیلئے کلب سے جڑے تمام افراد دعاگو ہیں۔
اس سے قبل مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں ریاد ماہریز اور ڈیفینڈر ایمریک لیپورٹے کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا تھا۔ تاہم اب دونوں صحت یابی کے بعد اپنی ٹیم کیساتھ وابستہ ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ فٹبال کی دنیا کے معروف کھلاڑی نیمار بھی کورونا میں مبتلا رہ چکے ہیں۔ ترکی کے سابق فٹبال گول کیپر رشدی رشبر بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوئے تھے۔ 46 سالہ رشدی نے سال 2002 ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر ترکی کو سیمی فائنل تک پہنچایا تھا۔