ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے فٹبال شائقین کرسٹیانورونالڈو کی نئی ٹیم النصر کا میچ دیکھنے کیلئے لاکھوں ریال کا ٹکٹ لینے پر بھی تیار ہو گئے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک دوستانہ فٹبال میچ ہونے جا رہا ہے جس کیلئے ایک خاص اور نمایاں ٹکٹ رکھی گئی ہے جس کی قیمت 30 لاکھ ریال تک پہنچ چکی ہے۔
عرب دنیا کی معروف ویب سائٹ کے مطابق خاص ٹکٹ پر بولی 17 جنوری تک جاری رہے گی اور ممکن ہے کہ اس کی قیمت میں مزید اضافہ بھی ہو جائے۔
ریاض سیزن کے تحت ایک تاریخی فٹبال میچ پیرس سینٹ جرمین ’ایف سی‘ اور مقامی فٹبال کلب النصر اور الہلال کے سٹار کھلاڑیوں کے درمیان 19 جنوری کو ہونے جا رہا ہے، اس میں النصر کلب کے سٹار کھلاڑی کرسٹیانالو رونالڈو، میسی، نیمار اور دیگر شریک ہوں گے۔
اس برادرانہ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں الہلال اور النصر کے کھلاڑیوں کا پیرس سینٹ جرمین کے سٹار کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ ہو گا، اس میچ کی خاص ٹکٹ کو حاصل کرنے والا انتہائی اہم فرد ہو گا، وہ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی، میڈل دینے کے ساتھ تمام سٹار کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کرے گا۔
ٹکٹ رکھنے والا شخص اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر لے گا اور ٹیم کے ساتھ خصوصی لنچ میں شرکت کرنے کے علاوہ دیگر مراعات بھی حاصل کرے گا، میچ کی خاص ٹکٹ کی بولی کا آغاذ 10 لاکھ ریال سے کیا گیا تھا۔
سعودی عرب کے معروف تاجر نے 22 لاکھ ریال کی بولی لگائی جس کے کچھ دیر بعد اس پر بولی 30 لاکھ ریال تک پہنچ گئی، میچ کی انتظامیہ کے مطابق اس خاص ٹکٹ سے حاصل ہونے والی تمام رقم خیراتی ادارے کو عطیہ کی جائے گی۔