آسٹریلین اوپن : یوکرینی سفیر کی نواک جوکووچ کے والد پر تنقید

Published On 26 January,2023 02:45 pm

سڈنی : (ویب ڈیسک ) یوکرین کے سفیر نے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں سربیا کے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کے والد پر روس کا پرچم اٹھانے پر تنقید کی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹینس اسٹار نواک جوکووچ آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جہاں ان کے والد کی روس کا جھنڈا اٹھائے شائقین کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں ۔

رپورٹس کے مطابق میچ کے بعد میلبورن میں اسٹیڈیم کے قریب شائقین کے ایک گروپ نے روس کے جھنڈے جن پر صدر پیوٹن کی تصویر بھی بنی ہوئی تھی تھامے ہوئے تھے جبکہ کچھ لوگوں نے روس کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایک ویڈیو میں نواک جوکووچ کے والد کو روس کا جھنڈا اٹھائے شخص کے ساتھ دکھایا گیا۔

اس ویڈیو کے ساتھ عنوان میں لکھا گیا کہ ٹینس اسٹار کے والد نے ایک سیاسی بیان دیا ہے، وائرل ویڈیو میں سربیا کے صحافیوں نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں جس شخص کو دکھایا گیا وہ نواک جوکووچ کے والد ہیں جو روس کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں ۔

اس واقعے پر یوکرین کے سفیر نے سوشل میڈیاپر ردعمل دیتے ہوئے اسے شرمناک واقعہ قرار دیا ہے ۔

واضح رہے کہ 2022 میں یوکرین پر ہونے والے حملے کے بعد ومبلڈن ٹورنامنٹ میں روسی اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی ۔

دوسری جانب سربین ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 5 نوویک جوکووچ بائیسویں گرینڈ سلام  ٹائٹل سے دو قدم دور ہیں، انہوں نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
 

Advertisement