ہاکی ورلڈ کپ: دفاعی چپمپیئن بیلجئیم اور جرمنی فائنل میں پہنچ گئے

Published On 27 January,2023 11:35 pm

بھوبینشور: (دنیا نیوز)دفاعی چیمپیئن بیلجئیم اور جرمنی نے ہاکی ورلڈ کپ فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے آسٹریلیا اور دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن بیلجئیم نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

کلنگا سٹیڈیم بھوبنیشور میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے آسٹریلیا کو سخت مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دے دی ، جرمنی کے پیلیٹ گونزالو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہیٹ ٹرک سکور کی۔

جرمنی نے 13 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے، اس سے قبل جرمن ٹیم نے 2010 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: 4 بار عالمی چیمپئن پاکستان کے بغیر ہاکی ورلڈ کپ کا انعقاد بدقسمتی ہے: سابق اولمپئینز

جرمنی کو دو بار ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ، آخری بار جرمنی نے 2006 میں آسٹریلیا کو ہر کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا ، اسی میدان پر کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بیلجئیم نے نیدرلینڈز کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کامیابی حاصل کی۔

مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر رہا تاہم پینلٹی شوٹ آؤٹ پر بیلجئیم نے نیدرلینڈز کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

واضح رہے کہ بیلجئیم کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے اور 2018 کے عالمی کپ میں اس نے نیدرلینڈز کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، بیلجئیم اور جرمنی کے درمیان فائنل 29 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement