اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستان اور کمبوڈیا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 17 اکتوبر کو دن دو بجے، جناح سٹیڈیم، اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
قومی فٹ بال ٹیم کے سابق منیجر گولڈ میڈلسٹ محمد عرفان خان نیازی نے منگل کو پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھانا چاہئے کیونکہ پاکستان کے پاس یہ بہت سنہری موقع ہے اس کو ہوم گراؤنڈ ضرور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔
پاکستانی ٹیم 12 اکتوبر کو کمبوڈیا کی سر زمین پر کمبوڈیا کے خلاف اپنا پہلا میچ بغیر کسی گول کے برابر کھیل چکی ہے ۔
عرفان نیازی نے کہا کہ اگر پاکستان میچ میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے تو یہ تاریخ میں پہلی بار دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل ہوگی اور پھر پاکستان گروپ جی میں اردن، سعودی عرب اور تاجکستان کو جوائن کرے گا۔