دونیہ ابو طالب نے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرکے پہلی سعودی خاتون کا اعزاز سمیٹ لیا

Published On 17 March,2024 08:57 am

نیویارک (ویب ڈیسک ) دونیہ ابو طالب اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی سعودی خاتون بن گئیں۔

امریکہ میں مقیم سعودی عرب کی سفیرشہزادی ریما بنت بندر نے کہا کہ دنیا ابو طالب اس سال اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی سعودی خاتون اعزاز سمیٹ کر سعودی خواتین کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔

شہزادی ریما بنت بندر نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سعودی قومی تائیکوانڈو ٹیم کی رکن دنیاابو طالب سرکاری طور پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی سعودی خاتون کھلاڑی ہیں، انہوں نے اولمپک گیمز کے لیے ایشیائی کوالیفائنگ راؤنڈز میں کامیابی سے حصہ لیا۔

برطانوی میڈیا کی  تازہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 330,000 رجسٹرڈ خواتین ایتھلیٹس ہیں، 2021 سے سعودی عرب میں پیشہ ور خواتین کھلاڑیوں میں 195 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں ویژن 2030 کے تحت اپنے نوجوانوں کے لیے کھیلوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے، بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کی شرکت کو بڑھانے کے لیےاقدامات کئے جارہے ہیں۔