ایشیائی چیمپئن شپ: روڈ سائیکلنگ مقابلے میں پہلا گولڈ میڈل پاکستان کے نام

Published On 08 June,2024 07:08 pm

کراچی:(ویب ڈیسک ) قازقستان میں ہونے والی ایشیائی چیمپئن شپ میں پاکستان نے روڈ سائیکلنگ میں تاریخ رقم کردی، قومی سائیکلنگ ٹیم نے چیمپئن شپ میں اپنا پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

اطلاعات کے مطابق قومی سائیکلسٹ علی الیاس نے انفرادی ٹائم ٹرائل ایونٹ میں پہلی پوزیشن کے ساتھ فتح اپنے نام کی، چیمپئن شپ میں ایشیا بھر کے بہترین سائیکل سواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، علی الیاس نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کو گلے لگا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی سے تعلق رکھنے والےعلی الیاس نے گزشتہ برس ماسٹرز کیٹگری میں سلور میڈل اپنے نام کیا تھا،12جون تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ کے مختلف ایونٹس میں شریک 8 رکنی قومی سائیکلنگ ٹیم میں علی الیاس، امجد خلیل، عبدالوہاب، محمد اسماعیل انور، نثار علی، شایان رضوان، دانش نسیم، اور عاطف حسین قاضی شامل ہیں۔

یاد رہے پاکستان چیمپئن شپ کے دوران قومی سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی ایشین سائیکلنگ فیڈریشن کانگریس کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔