نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہونے والے ورلڈ کپ کے اہم میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آج پنجہ آزمائی کریں گی، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے کے دوران اتوار کے روز نیویارک میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے میچ والے روز 51 فیصد بارش کا امکان ہے، بارش میچ شروع ہونے کے آدھے گھنٹے بعد متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق چونکہ پاک بھارت میچ دن میں رکھا گیا ہے اس لیے امکان ہے کہ بارش کی صورت میں اضافی وقت بھی دیا جا سکتا ہے، بارش کے امکان کے باوجود توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ شائقین کو پورے 20 اوورز کا میچ دیکھنے کو مل جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں آئر لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔