ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 36 رنز سے شکست دے دی

Published On 09 June,2024 01:39 am

برج ٹاؤن: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 36 رنز سے شکست دے دی ہے۔

برج ٹاؤن کے کینسنگٹن اوول سٹیڈیم میں گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا، آسٹریلوی بلے بازوں نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، ٹریوس ہیڈ 18 بالز پر 34 اور ڈیوڈ وارنر 16 گیندوں پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد مچل مارش، گلین میکسویل اور مارکس سٹوئنس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کو مجموعی سکور 201 تک پہنچا دیا، انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے دو جبکہ لیام لیونگسٹون، عادل رشید، جوفرا آرچر اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے جواب میں انگلش اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور 73 رنز کی شراکت قائم کی، اس کے بعد 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود فلپ سالٹ زیمپا کی بال پر کلین بولڈ ہو گئے، ان کا ساتھ دینے والے جوش بٹلر بھی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہے اور 93 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے وہ 28 بالز پر 42 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

جوش بٹلر کے آؤٹ ہونے کے بعد ساری ٹیم لڑکھڑا گئی اور تمام کھلاڑی ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتے چلے گئے، معین علی 25، ہیری بروک 20، لیام لیونگسٹون 15، ول جیکس 10 رنز ہی بنا سکے، یوں انگلینڈ نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور مارکس سٹوئنس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں، انگلینڈ کا سکاٹ لینڈ کے ساتھ پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا جبکہ آسٹریلیا نے اپنے پہلے میچ میں عمان کو 39 رنز سے شکست دی تھی۔

سکواڈز

آسٹریلیا: 1 ڈیوڈ وارنر، 2 ٹریوس ہیڈ، 3 مچل مارش (کپتان)، 4 گلین میکسویل، 5 مارکس سٹوئنس، 6 میٹ ویڈ (وکٹ)، 7 ٹم ڈیوڈ، 8 پیٹ کمنز، 9 مچل سٹارک، 10 ایڈم زیمپا، 11 جوش ہیزل ووڈ

انگلینڈ: 1 فل سالٹ، 2 جوس بٹلر (کپتان اور وکٹ)، 3 ول جیکس، 4 جونی بیرسٹو، 5 ہیری بروک، 6 لیام لیونگسٹون، 7 معین علی، 8 کرس جارڈن، 9 جوفرا آرچر، 10 عادل راشد، 11 مارک ووڈ