انفرادی ایتھلیٹس کو پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اجازت

Published On 11 August,2024 02:15 pm

پیرس:(دنیا نیوز) بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں ’نیوٹرل‘ انفرادی ایتھلیٹس (اے آئی این) کے طور پر اپنے جھنڈے اور نشان کے بغیر حصہ لینے والے روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کو اختتامی تقریب میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔

غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق 26 جولائی کو ان کھلاڑیوں کو دریائے سین میں کشتیوں پر پریڈ کرنے کے دوران افتتاحی تقریب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

اولمپک باڈی نے ایک بیان میں کہا کہ آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ انفرادی نیوٹرل ایتھلیٹس (اے آئی اینز) اولمپک گیمز پیرس 2024 کی اختتامی تقریب میں شامل ہو سکتے ہیں۔

آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ کا فیصلہ اس بنیاد پر لیا گیا کہ صرف ٹیمیں نہیں بلکہ تمام ایتھلیٹس اختتامی تقریب میں شامل ہوتے ہیں، تاہم اے آئی این کا کوئی جھنڈا نہیں ہوگا۔

خیال رہے روس اور بیلاروس کی ٹیموں پر ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد گیمز میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، بیلاروس کو سٹیجنگ گراؤنڈ کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

واضح رہے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے صرف مخصوص ایتھلیٹس کو انفرادی نیوٹرل ایتھلیٹس کے طور پر مقابلہ کرنے کے لیے کلیئر کیا وہ بھی ایک سکریننگ کے عمل سے گزرنے کے بعد جو کسی ایسے شخص کو باہر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس نے عوامی طور پر جنگ کی حمایت کی ہو یا فوج کے ساتھ براہ راست روابط ہوں۔