انگلش پریمیئرلیگ : لیورپول کی ٹیم 21 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست

Published On 23 October,2024 11:47 am

انگلینڈ : (ویب ڈیسک ) لیور پول کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلش پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے ، دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی دوسرے جبکہ آرسنل کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

انگلش پریمیئر لیگ کے 33 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے، یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 126واں ایڈیشن ہے، لیگ میں شامل تمام 20 ٹیموں نے اپنے 8،8 میچز کھیلے لئے ہیں۔

،لیورپول کی ٹیم کے اب تک کھیلے گئے میچز کے بعد سب سے زیادہ 21 پوائنٹس ہیں، ٹیم 8 میچز کھیل چکی ہے اور اس کو 7میچز میں فتح جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ سب سے زیادہ 21 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔

دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے بھی 8 میچز کھیل لئے ہیں جن میں وہ 6 میچ جیت چکی ہے اور اس کے دو میچز ڈرا ہوئے ہیں ،لیکن اس کو تاحال شکست نہیں ہوئی ،یہ ٹیم 20 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔آرسنل کی ٹیم کے 17 پوائنٹس ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح آسٹن ولا کی ٹیم کے بھی 17 پوائنٹس ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہے، برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم کے 15 پوائنٹس ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر موجود ہے، چیلسی کی ٹیم کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ 14 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔

ٹوٹنہام ہاٹ پور اور ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیموں کے 12،12 مساوی پوائنٹس ہیں اور وہ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں، نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم کے 12 پوائنٹس ہیں اور وہ نویں نمبر پر ہے ، فلہم،بورن مائوتھ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیموں کے 11،11مساوی پوائنٹس ہیں اور وہ بالترتیب دسویں ، گیارہویں اور بارہویں نمبر پر ہیں۔