نیو دہلی :(ویب ڈیسک) بھارتی ہائی کمیشن نے زیادہ تر پاکستانی سکریبل کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ویزے نہ ملنے کے سبب ایشیا یوتھ سکریبل چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ٹیم ٹائٹل کے دفاع سے محروم ہوگئی ہے۔
پاکستان سکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر طارق پیریز نے بتایا کہ 2 ماہ قبل درخواستیں جمع کروانے کے باوجود بھارتی ہائی کمیشن نے تاخیر سے پروسیس کیا، جبکہ کچھ پلیئرز کو آخری لمحات میں ویزے دیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ نصف ٹیم کو بغیر وضاحت کے ویزے دینے سے انکار کیا گیا، اس میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2022 میں بھارت میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی تھی۔
طارق پیریز کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ ورلڈ یوتھ چیمپئنز اور دفاعی ایشین یوتھ ٹائٹل ہولڈرز کی حیثیت سے پاکستان کی غیر موجودگی ایک اہم دھچکا ہے، ٹیم ویزے ملنے کی امید کے ساتھ لاہور آئی لیکن ہم اب مایوس ہو کر واپس کراچی لوٹ جائیں گے۔