بھارت میں ہیکرز نے حکومت کے ای میل اکاؤنٹس ہیک کرلیے

Published On 08 November,2024 11:28 pm

نیو دہلی :(ویب ڈیسک ) ہیکرز نے بھارتی حکومت کے ای میل اکاؤنٹس ہیک کرلیے۔

کسی بھی حکومت کی ای میل آئی ڈیز کو اگر ہیکرز نشانے پر لے لیں اور نقب لگاکر مواد چُرالیں تو بہت سے معاملات پیچیدہ ہوسکتے ہیں، یہ سب کچھ کاروباری نقطہ نگاہ سے بھی خطرناک ہے اور قومی سلامتی کے پہلو سے بھی۔

بھارت کی حکومت کے لیے ایک بڑی الجھن اٹھ کھڑی ہوئی ہے، ہیکرز نے بھارتی حکومت کے بہت سے ای میلز اکاؤنٹس کو ہیک کرکے اُن کا مواد نکال لیا ہے اور اب وہ ای میل آئی ڈیز اور مواد کو فروخت کے لیے پیش کر رہے ہیں۔

سائبر کرمنلز بھارت کے سرکاری ملازمین کی مبینہ ای میلز کے یورز نیم اور پاس ورڈ فروخت کرنے میں مصروف ہیں، اگر رسائی مل جائے تو لوگ ان ای میل اکاؤنٹس کے ذریعے مالیاتی فراڈ کرسکتے ہیں، اس کے نتیجے میں حکومت کے لیے غیر معمولی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

ایک ہیکر کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی ای میل آئی ڈیز کے لیے لوگ ہزاروں روپے دے سکتے ہیں کیونکہ وہ اِن اکاؤنٹس کے ذریعے بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔