لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 'یوگا' کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ ایک ایسا دن ہے جو ہمیں جسمانی صحت، ذہنی سکون اور روحانی توازن کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔
یوگا ماہرین کے مطابق یہ صرف ایک جسمانی مشق نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِ زندگی ہے جو انسانی جسم، ذہن اور روح کو ہم آہنگ کرنے میں مدد دیتا ہے، اس سلسلے میں لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی سیشنز، ورکشاپس اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یوگا نہ صرف جسم کو لچکدار بناتا ہے بلکہ اس سے ذہنی دباؤ، بے چینی، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر کئی نفسیاتی و جسمانی مسائل میں کمی لائی جا سکتی ہے، یوگا کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ ایک قدرتی تھراپی ہے جس کے کوئی منفی اثرات نہیں ہوتے۔
یوگا انسٹرکٹرز کا کہنا ہے کہ یوگا روزمرہ کی زندگی میں ذہنی سکون لانے اور خود شناسی کیلئے ایک بہترین ذریعہ ہے۔
یوگا کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ ایک گھنٹہ یوگا کرتے ہیں اور اس سے انہیں ایک خاص قسم کی تازگی اور ذہنی سکون کا احساس ہوتا ہے۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ یوگا کرنے کے بعد جیسے اندر کی تھکن اتر جاتی ہے، انسان ہلکا محسوس کرتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ آج کی تیز رفتار اور شور زدہ زندگی میں یوگا نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی توازن کیلئے بھی ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے، یہ نہ صرف ایک مشق بلکہ ایک شعور ہے۔