اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں ننانوے فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں مصطفیٰ کمال نے گاوی اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں آن لائن شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر صحت نے پاکستان کی نمائندگی کی اور انسداد پولیو اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم ذاتی طور پر انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے، اور زیرو ڈوز بچوں کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ویکسینیشن کے مربوط نظام کی مضبوطی کے لیے گاوی اور پی او بی کا تعاون ناگزیر ہے، ویکسینیٹرز کی تربیت اور ان کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اضافی وسائل درکار ہیں۔