اسلام آباد:(دنیا نیوز) آئندہ مالی کے بجٹ کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔
اجلاس کل شام چار بجے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا، اجلاس میں قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کی حکمت عملی طے کی جائے گی اجلاس میں وفاقی بجٹ پر بحث سمیت دیگر امور کا دورانیہ طے ہوگا۔
مشاورتی اجلاس میں ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ ،اپوزیشن اراکین اسد قیصر،زرتاج گل،گوہر علی خان،عامر ڈوگر،ریاض فتیانہ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ جے یو آئی کے نور عالم خان،مسلم لیگ ضیاء کے اعجاز الحق،مسلم لیگ کے حسین الٰہی اور نیشنل پارٹی کے پولین بلوچ بھی شرکت کریں گے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے سید امین الحق ،سید حفیظ الدین ،پیپلز پارٹی کے اعجاز حسین جاکھرانی،سید نوید قمر شاذیہ مری،شہلا رضا ،مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب احمد اور نزہت صادق ،وفاقی وزراء سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،رانا تنویر حسین،عطا اللہ تارڑ،طارق فضل چوہدری اور خالد مگسی کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی، کابینہ سے فنانس بل کی منظوری لے کر قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافے سے متعلق تجاویز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، وفاقی کابینہ کا اجلاس کل سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 سے ساڑھے 7 فیصد تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے, دفاعی بجٹ میں 18 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
وفاقی بجٹ کے بعد صوبائی حکومتیں بھی اپنے اپنے بجٹ پیش کریں گی، جس کے ساتھ ہی ملک میں مالی سال 2025-26 کے لیے معاشی حکمت عملی کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔