اسلام آباد:(دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے آج اکنامک سروے معذرت خوانہ طریقے سے پیش کیا۔
وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب اور دیگر کا مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج پاکستان اکنامک سروے کے حوالے سے تفصیلی بات کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج وزیر خزانہ نے اکنامک سروے معذرت خوانہ طریقے سے پیش کیا عالمی معیشتوں کا سہارا لیتے ہوئے آج کانفرنس کی، یہ وہی لوگ ہیں جو ہماری 6.5 فیصد گروتھ کو حقارت سے دیکھتے تھے، آصف زرداری نے کہا تھا کہ ہم غریبوں کے ٹھنڈے چولہے چلانے آئے تھے ہمیں تو ابھی تک کوئی چولہا چلتا نظر نہیں آیا۔
سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں غربت کی شرح 45 فیصد تک پہنچ چکی ہے، گزشتہ تین سالوں میں تین کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں، گلف ممالک اور نیوزی لینڈ کی آبادی بھی تین کروڑ نہیں ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ان کے تیسرے سال میں گروتھ 1.5 فیصد ہے ، یہ کس قسم کی گروتھ ہے جو ہماری سمجھ سے باہر ہے، عوام معاشی طور پر یتیم ہو گئی ہے، انسان کے پاس کھانے کے پیسے نہیں ہیں ، اس حکومت نے کسان دشمنی کی پالیسی رکھی ہوئی ہے،بہت بڑے فنکاربنتے تھے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، یہ اکنامک سروے فارم 47والا ہے، اکنامک سروے میں جھوٹ بولا گیا اورعوام کودھوکہ دیا گیا۔
عمر ایوب
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ گروتھ ریٹ جودکھائی جارہی ہے،اس میں کوئی حقیقت نہیں، یہ شہبازشریف کا لیلہ بجٹ ہے، عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے جبکہ حکومتی وزرا کہتےہیں مہنگائی کم ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وزرا کوچیلنج کیا ہے میرے ساتھ بازاروں میں چلیں، مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے، تقریباً 32 لاکھ نوجوان ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، وزیر خزانہ شریف آدمی بدمعاشوں میں پھنس گئے ہیں۔