عید قرباں پر گوشت کھائیں ضرور مگر احتیاط کے ساتھ

Published On 06 June,2025 12:20 pm

لاہور : (ویب ڈیسک) عید الاضحیٰ پر دنیا بھر میں مسلمان سنت ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے اللہ کے نام پر جانوروں کی قربانی دیتے ہیں۔

قربانی کا گوشت ضرورت مندوں، رشتے داروں اور دوستوں میں تقسیم بھی کیا جاتا ہے اور خود بھی مختلف پکوانوں کی شکل میں اسے مزے لے کر کھایا جاتا ہے تاہم اس خوشی کے موقع پرچند احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کرنی چاہئیں۔

طبی ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ گوشت میں انسانی صحت کے لیے ضروری پروٹینز ہوتے ہیں، اس لیے قربانی کا لذیذ گوشت اعتدال سے کھانے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

گوشت کے ٹکڑے کرتے وقت پلاسٹک کے دستانے ہاتھوں پر ضرور چڑھا لیں تاکہ اگر گوشت یا خون میں کسی قسم کا وائرس ہو تو اس سے بچا جاسکے، وائرس گوشت پکنے پر ختم ہوجاتا ہے۔

گوشت بہت زیادہ کھانے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس سے معدے میں تیزابیت کا خطرہ پیدا ہوتا ہے، یہ تیزابیت ذیابیطس، بلڈ پریشر، جگر، دل اور ہیپاٹائٹس کے شکار افراد کے لیے مسائل کا باعث بن سکتی ہے، مصالحے دار پکوان پر کولا مشروبات کا استعمال بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

اگر گوشت دیکھ کر ہاتھ روکنا مشکل ہوجائے تو پھر تیز چہل قدمی کے لیے ضرور وقت نکال لیں تاکہ معدہ مناسب طریقے سے کام کرسکے اور کھانا ہضم ہوسکے۔

عید جیسے مواقع پر اکثر افراد کھانے کے اوقات کا خیال نہیں رکھتے حالانکہ جو معمول روزمرہ کا ہو، اس پر عید کے دوران بھی عمل کرنا چاہئے کیونکہ معمول سے ہٹنے کے بھی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

قربانی کے گوشت کو اچھی طرح پکانا مت بھولیں کیونکہ گوشت کو مناسب طریقے سے نہ بھوننا انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے، اسی طرح باربی کیو بناتے ہوئے گوشت کو بہت زیادہ جلانا نہیں چاہئے ، ایسا کرنے سے کیمیکلز پیدا ہوتے ہیں۔

دوپہر اور رات کے کھانے کے درمیان کم از کم 6 گھنٹے کا وقفہ ہونا چاہئے تاکہ گوشت کو ہضم ہونے کے لیے مناسب وقت مل سکے، گوشت کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال ضرور کریں، سلاد بھی لازمی رکھیں ورنہ قبض کا شکار ہو سکتے ہیں۔