وزیراعلیٰ پنجاب کا عید الاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم

Published On 06 June,2025 10:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور، ملتان اور دیگر بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کے قریب ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے، مویشی منڈیوں میں بھی سکیورٹی بڑھائی جائے، لاہور سمیت دیگر شہروں میں ٹریفک کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔

انہوں نے حکم دیا کہ ہر شہر میں ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، بسوں کی ونڈ سکرین پر کرائے نامے، فٹنس سرٹیفکیٹ چسپاں کئے جائیں، زائد کرائے واپس کرانے اور وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے۔

مریم نواز شریف نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک حکام مویشی منڈیوں میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، انتظامیہ اور پولیس افسران بھی فیلڈ میں موجود رہیں، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ اور متواتر رپورٹ پیش کی جائے۔