ماسکو: (شاہد گھمن) روس میں عیدالاضحیٰ کل 6 جون 2025 کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، روس میں عید الاضحیٰ (جسے قربان بائرام بھی کہا جاتا ہے) مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم مذہبی تہوار ہے۔
اگرچہ یہ پورے روس میں سرکاری چھٹی نہیں ہے لیکن روس کی کئی مسلم اکثریتی علاقے تاتارستان اور بشکورتستان میں اسے سرکاری چھٹی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ان علاقوں میں دفاتر اور کاروباری ادارے بند رہتے ہیں اور عوامی اجتماعات، قربانی کی رسومات اور خیرات کی سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں جبکہ روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھی انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ مناتی ہے اور سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی بھی کرتی ہے۔
روس میں تقریباً 14 ملین مسلمان آباد ہیں جو ملک کی دوسری بڑی مذہبی آبادی ہے، عید کے موقع پر روس بھر کی مساجد میں خصوصی نمازِ عید ادا کی جاتی ہے جس میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں خصوصاً ماسکو کی کیتھیڈرل مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی جمع ہوتے ہیں اور جگہ کی کمی کے باعث کئی افراد سڑکوں پر نماز ادا کرتے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد دی اور اس دن کی روحانی اور اخلاقی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ دن معاشرے میں مہربانی، انصاف اور باہمی ہم آہنگی کے اصولوں کو فروغ دیتا ہے، صدر پوٹن نے روسی مسلم کمیونٹی کے ثقافتی، تعلیمی اور سماجی شعبوں میں کردار کو سراہا اور ان کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کردار کی تعریف کی۔
روس میں عیدالاضحیٰ نہ صرف مذہبی عقیدت کا مظہر ہے بلکہ یہ دن ملک کی ثقافتی تنوع اور بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت بھی ہے، یہ موقع روسی مسلمانوں کے لیے اپنی روایات کو زندہ رکھنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتا ہے۔