22 جون سال کا لمبا ترین دن

Published On 22 June,2025 10:39 am

لاہور: (ابو رمیض) سورج کے گرد زمین کی گردش سے دن رات، مہینے اور سال یعنی وقت کا تعین کیا جاتا ہے، کرہ ارض پر موسموں کی تبدیلی بھی اسی گردش کی وجہ سے وقوع پذیر ہوتی ہے۔

سورج کی شعائیں زمین پر مختلف زاویوں سے پڑتی ہیں اور ایک ہی وقت میں یہ شعائیں کرئہ ارض پر کہیں سیدھی کہیں ترچھی پڑتی ہیں، اسی لئے ایک ہی وقت میں مختلف علاقوں میں کہیں گرمی کہیں سردی پڑتی ہے، کچھ علاقے بہت زیادہ گرم اور بعض علاقے بہت زیادہ یخ بستہ موسم سے گھرے رہتے ہیں۔

بہت سے ممالک میں سال کے موسموں کی تعریف   solstices‘‘ اور   equinoxes‘‘ کے حوالے سے کی جاتی ہے، solstice کی اصلاح کو وسیع تر کے معنوں میں استعمال کیا جاتا ہے جبکہ equinoxes کی اصطلاح کو مختصر ترین دورانئے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

موسم گرما میں 20 جون تا 22 جون کو کرہ ار ض میں سورج کی شعائیں زیادہ دیر رہتی ہیں اسی لئے اسے سال کے لمبے ترین دنوں میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ موسم سرما میں 20 تا 22 دسمبر کی تاریخوں میں سورج کی شعائیں مختصر ترین وقت کیلئے کرہ ارض پر پڑتی ہیں، اس لئے اسے چھوٹا دن قرار دیا جاتا ہے، 22 جون کے بعد دن کی روشنی کا دورانیہ مختصر ہوجاتا ہے اور دسمبر کی 20 تاریخ تک یہ گھٹتا رہتا ہے جبکہ 22 دسمبر سے 20 جون تک دن کی روشنی بڑھتی رہتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سال کا طویل ترین دن بدلتا رہتا ہے، جیسے 2024ء میں 21 جون کو ایسا ہوا مگر 2025ء میں 22 جون طویل ترین دن ہوگا، 22 جون کے بعد دن کے دورانیے میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی اور دسمبر کے تیسرے عشرے میں شمالی نصف کرے میں سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی۔

اس صورتحال کو   خط سرطان‘‘ (Summer Solstice) کہا جاتا ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں اسے موسم گرما کا پہلا دن قرار دیا جاتا ہے اور مختلف رسومات ادا کی جاتی ہیں، خط سرطان سے مراد زمین کی وہ حالت ہے جب سورج آسمان پر اپنے طویل ترین راستے پر سفر کرتے ہوئے سب سے زیادہ بلندی پر پہنچتا ہے، اس موقع پر قطب شمالی کا رخ لگ بھگ سورج کی جانب ہوتا ہے اور وہاں سورج کی روشنی کا دورانیہ گھنٹوں طویل بلکہ 24 گھنٹے تک بھی پہنچ جاتا ہے۔

خط سرطان کو زرخیزی سے بھی منسلک کیا جاتا ہے کیونکہ اس عرصے میں فصلوں کی کاشت میں اضافہ ہوتا ہے، اس موقع پر سورج خط سرطان کے اوپر ہوتا ہے اور چند روز تک دن کے وقت ایک پوزیشن میں نظر آتا ہے، سال کے باقی حصے میں سورج کی پوزیشن بدلتی رہتی ہے، ماہر فلکیات کے مطابق 22 ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہو جاتا ہے۔

دن کا دورانیہ
آج سال کا طویل دن اور مختصر رات ہو گی، سال کے طویل ترین دن کے موقع پر پاکستان میں دن کا دورانیہ مقامات کے لحاظ سے 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

دنیا میں سب سے طویل دن امریکی ریاست الاسکا کے وسطی حصے میں ہوگا جہاں دن کی روشنی کا دورانیہ 21 گھنٹے سے زائد ہوگا۔

چند دلچسپ روایات
کچھ ممالک میں اس دن کے حوالے سے دلچسپ روایات بھی موجود ہیں۔

٭...سوئیڈن میں اسے مڈ سمر کہا جاتا ہے اور ہمیشہ جمعہ کو منایا جاتا ہے، اس موقع پر وہاں میلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔

٭...برطانیہ کے تاریخی مقام اسٹون ہینج میں بھی اس موقع پر لوگ جمع ہوتے ہیں اور مختلف سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیں۔

٭...قدیم مصر میں اس موقع پر نئے سال کا آغاز ہوتا تھا۔

ابو رمیض نوجوان لکھاری ہیں، ان کے مضامین مختلف جرائد میں شائع ہوتے رہتے ہیں۔