اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے عام لوگوں کو با اختیار بنانا چاہتے ہیں، ہم جدید ٹیکنالوجی کو لوگوں تک منتقل کریں گے۔
ایوان صدر میں بینظیر ہنرمند پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے اجرا میں نوید قمر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، پروگرام کے تحت بچوں اور بچیوں کو تعلیم سمیت تمام حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے قوم کے بچوں اور بچیوں کو ہنرمند بنایا جائے گا، بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت کمپیوٹر، جدید تعلیم اور ہنر سکھائے جائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہنر سیکھ کر نوجوان دیارغیر میں ملک کا نام روشن کریں گے، ہنرمند پروگرام کے ذریعے جرمن اور چینی زبانیں بھی سکھائی جائیں گی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک نرسنگ جیسے شعبے کی بڑی مانگ ہے، بچیوں کو نرسنگ جیسے شعبے میں تربیت فراہم کی جائے گی۔