ہائبرڈ نظام کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی، فواد چودھری

Published On 21 June,2025 11:03 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہائبرڈ نظام کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی۔

دنیا نیوز کے پروگرام  ٹونائٹ ود ثمرعباس  میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاک بھارت لڑائی میں ٹرمپ نے بہت اہم کردار ادا کیا، اگر ٹرمپ نے ایران پر حملہ کیا تو پاکستان کے فیصلے پر اور بھی تنقید ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ٹرمپ کیلئے نوبل پرائز کی سفارش پر تنقید ہو رہی ہے، امریکی صدر ٹرمپ نے غیر جانبدار کردار ادا کیا، بھارتی میڈیا کی تنقید سے لگ رہا ہے جیسے ٹرمپ ان کے ذاتی مخالف ہوں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قیادت نہ ہونےکی وجہ سے پی ٹی آئی کی کوئی پالیسی نہیں دکھتی، پی ٹی آئی کی ٹرمپ سے بھی امیدیں پوری نہیں ہوئیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں فواد چودھری نے مزید کہا کہ ہائبرڈ نظام کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی، کچھ ہوا تومعلوم ہو جائے گا کہ حکومت کتنی کھوکھلی ہے، حالیہ دنوں میں عالمی منظرنامے پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔