استنبول: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم کے وزارئے خارجہ اجلاس سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب کیا۔
نائب وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استنبول میں شاندار مہمان نوازی پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر قیادت کے مشکو رہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے، امید ہے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی لاکھوں افراد کو مقبوضہ فلسطین میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے، اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر زور
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے تمام اقدامات کر رہا ہے۔
اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے حصے کا پانی روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں، خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کی روک تھام کیلیے ہم سب کو اقدامات کرنا ہوں گے، درپیش چیلنجز کو مل کر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی جس پر ہم نے جواب دیا، اسپانسرڈ دہشت گردی کی پاکستان نے ہمیشہ مخالفت کی جبکہ بھارت اور اسرائیل اس گھناؤنے کام میں ملوث ہے۔