لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تین رکنی نئی قومی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مجاہد نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں دانش کلیم، کاشف جواد اور ایم خالد شامل ہوں گے،کمیٹی ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کرکے جونیئر ایشیا کپ کے لئے ٹیم کا انتخاب کرے گی۔
پی ایچ ایف کے جنرل سیکرٹری رانا مجاہد علی کا کہنا ہے کہ ڈویلپمنٹ سکواڈ کا دورہ چین ویزہ مسائل کی وجہ سے تاخیرہ کا شکار ہوا ہے۔
رانا مجاہد نے بتایا کہ ایف آئی ایچ کانگریس کے اجلاس کے موقع پر کئی ممالک سے پاکستان میں باہمی سیریز کھیلنے کے حوالے سے بات ہوئی ہے جلد انٹرنیشنل ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہوں گی، فیڈریشن کے پاس فنڈز ہوں تو سب سے پہلے کھلاڑیوں کے واجبات ادا کریں گے۔
رانا مجاہد نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، مستقبل میں پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں ایک دوسرے ملک کا دورہ کریں گی، مگر حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔